فوک گلوکار طفیل نیازی کی 36ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
لاہور( شوبز ڈیسک) معروف لوک گلوکار طفیل نیازی کی 36ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ ان کے مقبول لوک گیت آج بھی شائقین موسیقی میں پسند کیے جاتے ہیں۔طفیل نیازی کو پاکستان ٹیلی وژن کے پہلے گلوکار ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔ پی ٹی وی کی افتتاحی نشریات کا آغاز بھی ان کے معروف گیت ’’لائی بے قدراں نال یاری تے ٹٹ گئی تڑک کر کے‘‘ سے ہوا تھا۔1926ء میں جالندھر میں پیدا ہونے والے طفیل نیازی تقسیم ہند کے بعد ملتان منتقل ہوگئے۔ ایک پولیس افسر نے انہیں پہلی مرتبہ موسیقی کی تقریب میں متعارف کرایا، جس کے بعد ان کی فنکارانہ شہرت تیزی سے پھیل گئی۔طفیل نیازی نے لوک موسیقی میں منفرد طرز اپنایا اور تھیٹر، ریڈیو اور پاکستان ٹیلی وژن کے ذریعے اپنی شناخت بنائی۔ موسیقی کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔طفیل نیازی 21 ستمبر 1990ء کو انتقال کر گئے تھے۔