صبا قمر کے الفاظ میرے لیے بہت اہم ہیں، اقراء عزیز
کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ اقراء عزیز نے کہا ہے کہ صبا قمر کے فن اور کام نے ان کے فنی سفر پر گہرا اثر ڈالا ہے۔اقراء عزیز نے انسٹاگرام پر صبا قمر کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ ایک تقریب کے دوران اقراء کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل اداکارہ قرار دے رہی تھیں۔صبا قمر نے اقراء عزیز کے فن سے وابستگی، اداکاری میں جذبے اور جذباتی گہرائی کو بھی سراہا۔صبا قمر کی تعریف پر اقراء عزیز نے اپنی انسٹاگرام کہانی میں جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں کہ ان کے الفاظ میرے لیے کتنی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے صبا قمر کو پاکستان کی بہترین اداکاراؤں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ وہ طویل عرصے سے ان کے فن کو سراہتی آئی ہیں۔اقراء عزیز نے بتایا کہ وہ برسوں سے صبا قمر کے کام کو قریب سے دیکھتی آئی ہیں اور بالخصوص فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ میں ان کی اداکاری کئی مرتبہ دیکھی ہے۔ ان کے مطابق صبا قمر سے بہت کچھ سیکھا، اس لیے ان کی جانب سے تعریف سننا ان کے لیے اعزاز اور غیر معمولی احساس ہے۔دونوں اداکاراؤں کے درمیان سوشل میڈیا پر ہونے والے اس محبت بھرے تبادلے کو صارفین کی جانب سے بھی سراہا گیا۔