منوج باجپائی نے شناخت کے غیر مجاز استعمال پر عدالت سے رجوع کرلیا

منوج باجپائی نے شناخت کے غیر مجاز استعمال پر عدالت سے رجوع کرلیا

Sep 22, 2026|ویب ڈیسک

نئی دہلی( شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکار منوج باجپائی نے اپنی تصاویر، آواز اور شناخت کے مبینہ غیر مجاز استعمال کے خلاف دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔اداکار نے درخواست میں شخصی حقوق کے تحفظ کی استدعا کرتے ہوئے تصاویر کے مبینہ تجارتی استعمال اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے آواز کی نقل تیار کیے جانے پر اعتراض کیا ہے۔درخواست میں نامزد فریق ایچ ٹو پی جی ڈیزائنز پرائیویٹ لمیٹڈ پر الزام ہے کہ اس نے منوج باجپائی کی تصاویر اس انداز میں استعمال کیں جس سے یہ تاثر پیدا ہوتا تھا کہ اداکار اس برانڈ کے ملبوسات پہنے ہوئے ہیں۔ایک دوسرے فریق پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے اداکار کی آواز کی نقل تیار کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جبکہ منوج باجپائی نے ایسے مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹس سے بھی تحفظ مانگا ہے جو ان کی شناخت سے متعلق خصوصیات استعمال کرسکتے ہیں۔سماعت کے دوران عدالت نے سوال اٹھایا کہ اداکار کا بنیادی قیام ممبئی میں ہونے کے باوجود مقدمہ دہلی میں کیوں دائر کیا گیا۔ اداکار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بعض فریق دہلی میں مقیم ہیں، اس لیے عدالت کو مقدمے کی سماعت کا اختیار حاصل ہے۔عدالت نے وکیل کو شخصی حقوق سے متعلق سابقہ عبوری اور حتمی عدالتی فیصلے، بالخصوص دیگر ہائی کورٹس کے فیصلے، ریکارڈ پر پیش کرنے کی ہدایت کردی۔یہ درخواست ایسے وقت دائر کی گئی ہے جب مصنوعی ذہانت کے ذریعے معروف شخصیات کی آواز، تصاویر اور شناخت کی نقل تیار کیے جانے سے متعلق قانونی خدشات میں اضافہ ہورہا ہے۔