وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ ٹی وی کے نام سے 24 گھنٹے کا چینل لانچ کردیا
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اور بڑے میڈیا اداروں کے درمیان جاری تنازع کے دوران وائٹ ہاؤس نے یوٹیوب پر ’’ٹرمپ ٹی وی: دی ایسینشلز اسٹیشن‘‘ کے نام سے 24 گھنٹے چلنے والا ڈیجیٹل چینل شروع کردیا۔وائٹ ہاؤس کے مطابق چینل پر ٹرمپ کی تقاریر، انتظامیہ کے اعلانات، اہم ویڈیوز اور دیگر سرکاری مواد نشر کیا جائے گا، جبکہ پلیٹ فارم کو حقیقی وقت میں تازہ بھی کیا جائے گا۔ یہ نشریات یوٹیوب اور وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ٹرمپ انتظامیہ نے سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کے صحافیوں کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روک دیا ہے۔ تینوں اداروں نے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رسائی روکنا آزادیٔ صحافت سے متعلق آئینی تحفظات کی خلاف ورزی ہے۔وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ میڈیا اداروں کو پریس پول یا مخصوص مقامات تک مستقل رسائی کا قانونی حق حاصل نہیں۔ تنازع کے بعد بڑے امریکی ٹی وی نیٹ ورکس نے بھی وائٹ ہاؤس کے مشترکہ ٹی وی پریس پول میں شرکت معطل کردی۔نئے چینل کی ابتدائی نشریات میں ٹرمپ کی سابقہ تقاریر اور انتظامیہ سے متعلق پرانی ویڈیوز شامل تھیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق نئے پلیٹ فارم کا مقصد صدر اور انتظامیہ سے متعلق اہم مواد براہِ راست عوام تک پہنچانا ہے۔