اقوام متحدہ عالمی امن کے تحفظ میں ناکام رہا، عراقچی
نیویارک( ویب ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ عالمی امن و سلامتی کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث عالمی ادارے پر اعتماد کم ہوگیا ہے۔جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل نیویارک پہنچنے والے عباس عراقچی نے کہا کہ ایران موجودہ حالات کو جنگ کی صورتحال تصور کرتا ہے اور جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم کو اپنے عوام کے حقوق، مفادات اور مؤقف کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے استعمال کرے گا۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے رواں سال کے موضوع ’’اعتماد کی بحالی‘‘ سے بھی عالمی ادارے پر اعتماد میں کمی کی عکاسی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق بعض ممالک خود کو بین الاقوامی قوانین اور اداروں سے بالاتر سمجھتے ہیں جبکہ ان کے اتحادیوں کو بھی کارروائیوں سے استثنیٰ حاصل ہے۔عباس عراقچی نے مغربی اور یورپی ممالک کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی حمایت کا دعویٰ کرنے والے ممالک موجودہ صورتحال پر خاموش ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق عراقچی نے نیویارک پہنچنے کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں جنرل اسمبلی کے ایجنڈے اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایران کا مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیویارک میں جنرل اسمبلی کا اجلاس جاری ہے اور امریکا ایران جنگ کے خاتمے کیلئے سفارتی رابطوں کی بات کی جارہی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا۔