عمران خان 10 سال بعد فلمی دنیا میں واپسی کیلئے تیار
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار عمران خان نے 10 سال بعد فلمی دنیا میں واپسی سے قبل مداحوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کردیا۔43 سالہ اداکار نے 2015ء میں کنگنا رناوت کے ساتھ فلم ’’کٹی بٹی‘‘ میں اداکاری کے بعد فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ اب وہ دانش اسلم کی ہدایت کاری میں بننے والی رومانوی کامیڈی فلم ’’ادھورے ہم، ادھورے تم‘‘ کے ذریعے بڑے پردے پر واپسی کریں گے۔عمران خان نے فلم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم موجودہ دور کی فلموں میں بعض کہانیوں اور جذبات کی کمی کے احساس کا شعوری ردِعمل ہے اور ایک بالغ رومانوی کامیڈی کے طور پر پیش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ناظرین نے ان کی سابقہ رومانوی کامیڈی فلمیں پسند کی ہیں تو وہ نئی فلم سے بھی محظوظ ہوں گے۔اداکار کے مطابق ’’آئی ہیٹ لو اسٹوریز‘‘، ’’بریک کے بعد‘‘، ’’ایک میں اور ایک تو‘‘ اور ’’میرے برادر کی دلہن‘‘ جیسی فلمیں پسند کرنے والے مداحوں کے لیے 10 سال بعد ان کی نئی فلم خاص طور پر پیش کی جارہی ہے۔