موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے پیٹرول پر 100 روپے ریلیف
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے رعایت حاصل کرنے کا طریقہ کار جاری کردیا۔وزارتِ آئی ٹی کے مطابق رعایت حاصل کرنے کے لیے شہریوں کو پہلے رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے REG لکھ کر شناختی کارڈ نمبر 9771 پر پیغام بھیجنا ہوگا، جس میں گاڑی کا نمبر، صوبائی کوڈ اور رجسٹریشن کی تاریخ بھی درج کرنا ضروری ہے۔رعایتی پیٹرول کے حصول کے لیے فیول ٹوکن لینا لازمی ہوگا۔ شہری TOK لکھ کر 9771 پر پیغام بھیجیں گے، جس کے جواب میں ملنے والا ٹوکن دکھا کر رعایتی نرخ پر پیٹرول حاصل کیا جاسکے گا۔وزارت کے مطابق اسلام آباد میں پیٹرول ریلیف کا آغاز پیر اور منگل کی درمیانی رات جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سے ہوگا۔مستحق افراد کو فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جائے گی۔ موٹر سائیکل اور چنگچی کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 30 لیٹر رعایتی پیٹرول کی حد مقرر کی گئی ہے۔