آئی ایف ایف سی او کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے آئی ایف ایف سی او گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وفد نے پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔وفد نے بتایا کہ آئی ایف ایف سی او پاکستان میں اب تک تقریباً 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکا ہے اور 2006 سے ملک میں کاروبار کررہا ہے۔آئی ایف ایف سی او نے پاکستان میں 2 ریفائنریاں اور 5 پیداواری مراکز قائم کیے ہیں جبکہ بیجوں کی کرشنگ، جانوروں کی غذائیت اور خوراک کی تیاری کے شعبوں میں بھی کاروبار بڑھایا ہے۔وفد کے رکن عبدالغنی عبداللہ نے کہا کہ پاکستان آئی ایف ایف سی او کے لیے ایک اہم منڈی ہے، جہاں خوراک اور صنعتی پیداوار کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت موجودہ سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، جبکہ صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع اور مقامی سطح پر مصنوعات میں قدر بڑھانا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایف ایف سی او کی پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول تشکیل دے رہی ہے۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، جبکہ یو اے ای سفارتخانے کی تجارتی تعاون کے فروغ میں معاونت قابلِ تعریف ہے۔آئی ایف ایف سی او گروپ نے پاکستان کے ساتھ طویل مدتی کاروباری وابستگی برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔