ایف پی سی سی آئی نے شرح سود برقرار رکھنے کا فیصلہ مسترد کردیا
کراچی (کامرس ڈیسک) صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ شرح سود موجودہ سطح پر برقرار رکھنا کاروباری برادری کی توقعات کے برعکس ہے، اسے فوری طور پر کم کیا جائے کیونکہ بلند شرح سود کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کو تقویت ملے گی، جبکہ موجودہ بلند شرح سود پیداواری اخراجات بڑھانے کے ساتھ کاروبار کے لیے مشکلات پیدا کررہی ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت اور اسٹیٹ بینک معاشی ترقی کی رفتار بڑھانے کے لیے شرح سود میں نمایاں کمی کریں۔ اس اقدام سے نجی شعبے کو کم لاگت پر قرضے ملیں گے اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ کاروباری برادری کو معاشی استحکام کے ساتھ کم شرح سود کی بھی ضرورت ہے، ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور معاشی نمو کو تیز کرنے کے لیے شرح سود میں کمی ناگزیر ہے۔