رونالڈو کا فٹ بال کے بعد ٹی وی ڈراموں کی دنیا میں قدم

رونالڈو کا فٹ بال کے بعد ٹی وی ڈراموں کی دنیا میں قدم

Nov 13, 2026|ویب ڈیسک

پرتگال( سپورٹس ڈیسک) پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کھیل کے میدان سے ہٹ کر تفریحی صنعت میں نیا سفر شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی پہلی ٹی وی سیریز ’’ڈے ونز‘‘ کی تیاری کا آغاز کردیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اس منصوبے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی پہلی ٹی وی سیریز کی تیاری شروع ہوچکی ہے، جبکہ اس حوالے سے مزید تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔’’ڈے ونز‘‘ فٹ بال کی دنیا پر مبنی ایک ڈرامہ سیریز ہے، جس میں فٹ بال کی ایک بڑی ایجنسی کے کاروباری معاملات، اختیارات کی کشمکش، معاہدوں اور باہمی تعلقات کو موضوع بنایا جائے گا۔سیریز میں معروف اداکار ڈیمین لیوس فٹ بال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کا کردار ادا کریں گے، جبکہ سابق فرانسیسی فٹبالر تھیری ہنری اور برطانوی ریپر ڈیو بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔ تھیری ہنری کی سیریز میں مختصر کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔کرسٹیانو رونالڈو اس سیریز کے انتظامی پروڈیوسر ہیں اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ کسی تحریری ڈرامے میں اداکاری بھی کریں گے۔ یہ منصوبہ رونالڈو اور برطانوی فلم ساز میتھیو وان کی قائم کردہ پروڈکشن کمپنی تیار کررہی ہے، جس کا قیام 2025 میں عمل میں آیا تھا۔