جیمز اینڈرسن نے بابر اعظم کو اپنا پسندیدہ پاکستانی کرکٹر قرار دے دیا
لندن (سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو اپنا پسندیدہ پاکستانی کرکٹر منتخب کرلیا ہے۔جیمز اینڈرسن نے کرکٹ سے متعلق ایک حالیہ ویڈیو میں مختلف ممالک کے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے نام بتائے۔ انہوں نے آسٹریلیا سے شین وارن، انگلینڈ سے جو روٹ، بھارت سے ویرات کوہلی، نیوزی لینڈ سے ٹم ساؤتھی، جنوبی افریقا سے اے بی ڈی ویلیئرز اور سری لنکا سے سنتھ جے سوریا کا انتخاب کیا۔44 سالہ جیمز اینڈرسن انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔ انہوں نے مارچ 2024ء میں 700 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کیں، جبکہ جولائی 2024ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف لارڈز میں اپنا 188واں اور آخری ٹیسٹ کھیلنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔بعدازاں وہ لنکاشائر کی جانب سے کھیلتے رہے اور 2026ء میں کاؤنٹی کی ریڈ بال ٹیم کی قیادت بھی کی۔ رواں سیزن میں انہوں نے 17.68 کی اوسط سے 50 وکٹیں حاصل کیں، تاہم لنکاشائر ڈویژن ٹو کی 8 ٹیموں میں ساتویں پوزیشن پر رہی۔25 اکتوبر کو لنکاشائر نے تصدیق کی تھی کہ وہ 2027ء کے لیے اینڈرسن کو نیا معاہدہ پیش نہیں کرے گی، جس کے بعد کاؤنٹی کے ساتھ ان کا 25 سالہ تعلق ختم ہوگیا۔ اینڈرسن نے اس فیصلے کو اپنی خواہش کے برعکس اختتام قرار دیا، تاہم انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا۔دوسری جانب بابر اعظم ان دنوں خراب فارم سے دوچار ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی حالیہ سہ ملکی سیریز کے 4 میچوں میں 118 رنز بنائے، جبکہ سری لنکا کے خلاف فائنل میں وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔بابر اعظم نے نومبر 2025ء میں سری لنکا کے خلاف اپنی 20ویں ون ڈے سنچری اسکور کی تھی، تاہم اس کے بعد سے وہ بین الاقوامی کرکٹ میں سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ رواں سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے 5 اننگز میں 91 رنز بنائے۔سابق پاکستانی بلے باز محمد یوسف نے بابر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی تکنیکی خامیوں کو دور کرنے کے لیے انگلینڈ یا آسٹریلیا میں خصوصی کوچنگ حاصل کریں۔بابر اعظم نے 6 نومبر کو قائداعظم ٹرافی میں لاہور وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے 42 رنز بنائے تھے، تاہم آؤٹ ہونے کے بعد غصے میں اپنا بلا پچ پر دے مارا تھا۔البتہ رواں سال ان کی کارکردگی ہر موقع پر مایوس کن نہیں رہی۔ وہ پاکستان سپر لیگ 2026ء میں 588 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔