کمنز نے عثمان خواجہ کے بال ٹیمپرنگ الزامات مسترد کردیے، قانونی کارروائی سے گریز
سڈنی (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے 2018 میں جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق عثمان خواجہ کے الزامات کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ پوری آسٹریلوی ٹیم کو گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرنے کا علم ہونے کا دعویٰ سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔سڈنی میں پریس کانفرنس کے دوران عثمان خواجہ کی کتاب میں کیے گئے انکشافات پر ردعمل دیتے ہوئے کمنز نے واضح کیا کہ انہیں گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے لیے سینڈ پیپر میدان میں لے جانے کے منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا اور نہ ہی ٹیم کے تمام کھلاڑی اس سے واقف تھے۔ انہوں نے خود کو اور دیگر کھلاڑیوں کو اس منصوبے کا ذمہ دار قرار دینے کے الزام کو بھی مسترد کیا۔کمنز کا کہنا تھا کہ عثمان خواجہ ان کے پرانے دوست ہیں، تاہم کتاب میں لگائے گئے الزامات سے ان کی ذاتی ساکھ اور دیگر کھلاڑیوں کی زندگیوں پر اثر پڑا ہے۔ وہ اس معاملے پر قانونی کارروائی نہیں کریں گے، البتہ ہر شخص کو اپنے بیانات کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔آسٹریلوی کپتان نے اعتراف کیا کہ 2018 میں ٹیم کے اندر جیت کے لیے کسی بھی حد تک جانے کی سوچ پائی جاتی تھی اور بعض منفی پہلو بھی موجود تھے، جنہیں بعد ازاں بہتر بنایا گیا۔ تاہم ان کے مطابق سینڈ پیپر استعمال کرنے کے حوالے سے نہ کوئی باقاعدہ منصوبہ بنایا گیا تھا اور نہ ہی اس مقصد کے لیے ٹیم کا اجلاس ہوا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اسکینڈل کے بعد ہونے والی تحقیقات میں اپنا بیان سچائی کے ساتھ ریکارڈ کروایا تھا۔ کمنز نے اس معاملے میں اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو دی جانے والی سزاؤں کو بھی ضرورت سے زیادہ سخت قرار دیا۔اسٹیو اسمتھ کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے پیٹ کمنز نے کہا کہ دونوں مستقبل میں آسٹریلوی کرکٹ کے لیے مل کر کام کرنے پر مکمل اتفاق رکھتے ہیں۔