دشمن کی ہر دھمکی کا فوری جواب دیا جائے، مجتبیٰ خامنہ ای
تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈروں کو ہدایت کی ہے کہ دشمن کی کسی بھی دھمکی کا فوری جواب دیا جائے اور اس معاملے میں جغرافیائی حدود کو رکاوٹ نہ سمجھا جائے۔ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے سینئر کمانڈروں کے نام اسٹریٹجک ہدایات میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے دشمنانہ عزائم سے وابستہ تمام مادی اور غیر مادی اثاثے ایران کی پہنچ میں ہونے چاہییں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دشمنوں نے دوبارہ فوجی یا دہشت گردانہ حملے کیے تو جنگ کے خاتمے کا وقت اور شرائط ایرانی مسلح افواج اور قوم خود طے کریں گے۔ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ دشمن کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے دانش مندانہ اور مضبوط جنگی تیاری ضروری ہے، جو دفاعی روک تھام اور ممکنہ حملوں سے دشمن کو باز رکھنے کی بنیادی شرط ہے۔یہ ہدایات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ایران کی کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں دوبارہ فوجی تصادم کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔