معروف بھارتی فلمساز سنجے گپتا 57 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

معروف بھارتی فلمساز سنجے گپتا 57 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

Oct 31, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر سنجے گپتا 57 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، تاہم ان کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے انتقال کی خبر فلم فیئر اور بالی ووڈ ہنگامہ نے دی ہے۔سنجے گپتا کا شمار بالی ووڈ کے ان فلمسازوں میں ہوتا تھا جنہوں نے ایکشن، جرائم اور تھرلر فلموں کے ذریعے اپنی الگ پہچان بنائی۔ ان کا فلمی کیریئر 3 دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط تھا۔انہوں نے 1994 میں فلم ’آتش‘ سے ہدایت کاری کا آغاز کیا، جس میں سنجے دت اور آدتیہ پنچولی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ان کی مشہور فلموں میں ’کانٹے‘، ’مسافر‘، ’زندہ‘، ’شو ٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈوالا‘ اور ’شو ٹ آؤٹ ایٹ واڈالا‘ شامل ہیں۔ 2002 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کانٹے‘ ان کے کیریئر کی نمایاں کامیابیوں میں شمار ہوتی ہے۔انہوں نے 2015 میں ایشوریا رائے اور عرفان خان کی فلم ’جذبہ‘ جبکہ 2017 میں ہریتھک روشن کی فلم ’قابل‘ کی ہدایت کاری بھی کی۔سنجے گپتا کے اہل خانہ کی جانب سے تاحال انتقال کی وجہ اور آخری رسومات کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔