کگیسو ربادا نے 350 ٹیسٹ وکٹیں کم ترین گیندوں پر لینے کا ریکارڈ بنا دیا
لاہور (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقی فاسٹ بولر کگیسو ربادا نے آسٹریلیا کے خلاف کیپ ٹاؤن کے نیولینڈز گراؤنڈ میں تیسرے ٹیسٹ کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔31 سالہ ربادا نے صرف 13 ہزار 808 گیندوں پر 350 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرلیں، جو اس سنگ میل تک پہنچنے کے لیے کسی بھی بولر کی جانب سے کم ترین گیندوں کا ریکارڈ ہے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقا کے سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے پاس تھا، جنہوں نے 14 ہزار 719 گیندوں پر 350 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ربادا نے اپنے 75ویں ٹیسٹ میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا، جبکہ ڈیل اسٹین نے 69 میچز میں 350 وکٹیں مکمل کی تھیں۔وہ 350 یا اس سے زائد ٹیسٹ وکٹیں لینے والے چوتھے جنوبی افریقی فاسٹ بولر بھی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے ڈیل اسٹین، شان پولاک اور مکھایا نتینی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں ربادا نے پہلے ہی اوور میں مارنس لبوشین اور میٹ رینشا کو آؤٹ کیا، جبکہ کچھ دیر بعد ٹریوس ہیڈ ان کی 350ویں ٹیسٹ وکٹ بنے۔