200 کروڑ بھتہ خوری کیس، نورا فتحی 2 نومبر کو عدالت طلب

200 کروڑ بھتہ خوری کیس، نورا فتحی 2 نومبر کو عدالت طلب

Oct 31, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ نورا فتحی کو 200 کروڑ روپے کے مبینہ بھتہ خوری کیس میں استغاثہ کے گواہ کے طور پر دہلی کی راؤز ایونیو عدالت نے طلب کرلیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کو 2 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کا نام مقدمے میں دائر تیسری ضمنی چارج شیٹ میں استغاثہ کے گواہ کے طور پر شامل ہے۔یہ مقدمہ مبینہ نوسرباز سکیش چندرشیکھر سے متعلق ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے 2020 اور 2021 کے دوران دہلی کی روہنی جیل میں قید ہونے کے باوجود خود کو اعلیٰ سرکاری عہدیدار ظاہر کرکے سابق رینبیکسی پروموٹر شیوندر موہن سنگھ کی اہلیہ آدیتی سنگھ سے تقریباً 200 کروڑ روپے وصول کیے۔الزام کے مطابق سکیش نے رقم کے بدلے آدیتی سنگھ کے شوہر کو جیل سے رہائی دلوانے کا وعدہ کیا تھا۔ دہلی پولیس کے اکنامک آفینسز ونگ نے تحقیقات کے بعد مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ کے تحت چارج شیٹ جمع کرائی تھی۔نورا فتحی سے اس سے قبل سکیش چندرشیکھر اور ان کی اہلیہ لینا ماریا پالوس سے مبینہ تعلق کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ پولیس نے فوجداری ضابطہ کار کی دفعہ 164 کے تحت ان کا بیان ریکارڈ کیا تھا۔اداکارہ نے تفتیش کاروں کو بتایا تھا کہ سکیش سے ان کا رابطہ اس کی اہلیہ کے ذریعے ہوا تھا۔ ان سے دسمبر 2020 میں چنئی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے حوالے سے بھی سوالات کیے گئے تھے۔