ایران مذاکرات کا خواہاں، مسلسل رابطے میں ہے: ٹرمپ

ایران مذاکرات کا خواہاں، مسلسل رابطے میں ہے: ٹرمپ

Oct 31, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، امریکا کے پاس مذاکرات کے لیے وقت موجود ہے۔وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران مسلسل رابطے میں ہے اور مذاکرات کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ روایتی نوعیت کی نہیں، جبکہ امریکا نے ایرانی جوہری ہتھیار کے خاتمے کے لیے بھاری رقم خرچ کرکے اپنا مقصد حاصل کرلیا ہے۔فلوریڈا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی بلکہ ایران 1979 سے امریکا کے خلاف جنگ کر رہا ہے۔ انہوں نے ایران کو مشرقِ وسطیٰ کا غنڈہ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایرانی قیادت اپنی فوج کو تنخواہیں دینے کے قابل بھی نہیں رہی۔ٹرمپ کے مطابق ایران جنگ پر امریکی ٹیکس دہندگان کے زیادہ پیسے خرچ نہیں ہورہے، جبکہ امریکا وینزویلا سے اس جنگ پر خرچ ہونے والی رقم سے تقریباً 10 گنا زیادہ کما چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز سے جنگ سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیل گزر رہا ہے۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ امریکی تجویز پر امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے قطری ثالثوں اور ایرانی حکام کے درمیان تہران میں طویل بات چیت ہوئی ہے۔