معروف گلوکار شفقت امانت علی میں خون کے سرطان کی تشخیص کا انکشاف
کراچی (شوبز ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خون کے سرطان کی ایک سنگین قسم ملٹی پل مائیلوما میں مبتلا رہے ہیں اور علاج کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار 28 نومبر کو کراچی میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے اپنے موسیقی کے پروگراموں کی تیاری اور صحت سے متعلق مشکلات پر بھی گفتگو کی۔شفقت امانت علی نے بتایا کہ اس پروگرام کی تیاری اور مشقوں میں انہیں کافی وقت لگا، کیونکہ وہ اپنی زندگی کے انتہائی مشکل دور سے گزر رہے تھے۔ اس بیماری نے انہیں، ان کے اہل خانہ اور دوستوں کو شدید متاثر کیا، جبکہ انہوں نے بعض قریبی دوستوں سے بھی اپنی بیماری چھپائے رکھی۔گلوکار نے بتایا کہ انہیں ملٹی پل مائیلوما نامی خون کے سرطان کی تشخیص ہوئی تھی، جو ایک انتہائی سنجیدہ بیماری ہے۔ اگرچہ ان کے ہڈیوں کے گودے کے نمونے کی جانچ کی رپورٹ تسلی بخش آئی ہے، تاہم انہیں اب بھی اسٹیم سیل تھراپی کے مرحلے سے گزرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خودکار پیوندکاری مکمل ہونے تک وہ ادویات استعمال کر رہے ہیں، جو نسبتاً ہلکے درجے کی کیموتھراپی کے مترادف ہیں۔ اس علاج کا عمل ہر ہفتے جاری رہتا ہے، تاہم انہوں نے اپنی صحت میں بہتری آنے کی خوشخبری بھی سنائی۔واضح رہے کہ شفقت امانت علی پاکستان کے علاوہ بھارتی فلمی صنعت میں بھی متعدد مقبول گیت گا چکے ہیں، جن میں ’’متوا‘‘، ’’تیرے نینا‘‘، ’’بن تیرے‘‘، ’’تیری جھکی نظر‘‘ اور ’’آنکھوں کے ساگر‘‘ سمیت کئی معروف گانے شامل ہیں۔