اداکار نمیر نواز خان نے سافٹ ویئر انجینئرنگ چھوڑنے کی وجہ بتا دی
کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار نمیر نواز خان نے سافٹ ویئر انجینئرنگ کی ملازمت ترک کرکے اداکاری اختیار کرنے کے فیصلے کی دلچسپ وجوہات بیان کردی ہیں۔اداکار نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 2015 میں شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ تھے، تاہم کچھ عرصہ ملازمت کرنے کے بعد وہ اپنے کام سے بیزار ہوگئے اور شوبز کی دنیا میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کرلیا۔نمیر خان کے مطابق انہیں ورزش کرنے، جم جانے اور اپنی شخصیت کو بہتر بنانے کا شوق تھا۔ اسی دوران ایک ادارے کے ذریعے انہیں اشتہارات اور فیشن فوٹو شوٹس میں کام کرنے کا موقع ملا۔ ان کا پہلا اشتہار اداکارہ سجل علی اور گلوکارہ مومنہ مستحسن کے ساتھ تھا۔اداکار نے مزید انکشاف کیا کہ اداکاری کے شعبے میں صرف ایک دن کام کرنے کا معاوضہ سافٹ ویئر انجینئر کی حیثیت سے حاصل ہونے والی پورے مہینے کی تنخواہ سے زیادہ تھا، جس پر انہیں خاصی حیرت ہوئی۔