ریفرنڈم کا معاملہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا نہیں، سندھ اور پنجاب کا ہے، فیصل کریم کنڈی
پشاور( اباسین خبر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کا معاملہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کا نہیں بلکہ سندھ اور پنجاب کا مسئلہ ہے، جن صوبوں میں یہ معاملہ درپیش ہے وہاں آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ ہونا چاہیے۔سولر اور الیکٹرک بائیکس کی نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز جاری ہیں، جبکہ دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شکست کا تصور بھی نہیں کرسکتے اور اس میں کامیابی حاصل کریں گے۔سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ان کی جماعت گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ان کا احترام کا رشتہ ہے۔ ان کے مطابق جب مولانا فضل الرحمان نے شہدا کے خلاف بات کی تو انہوں نے اس کا جواب دیا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ وفاق کے نمائندے اور صدر آصف علی زرداری کے نامزد کردہ گورنر ہیں۔ جب صدر زرداری انہیں عہدہ چھوڑنے کا کہیں گے تو وہ گورنر شپ سے مستعفی ہوجائیں گے۔انہوں نے وفاقی وزرا کو مشورہ دیا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بیانات دینے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے اپنا مؤقف بیان کیا ہے اور سیاسی معاملات کو اس حد تک کشیدہ نہیں ہونا چاہیے کہ مذاکرات کا راستہ ہی بند ہوجائے۔گورنر خیبرپختونخوا نے پاکستان تحریک انصاف سے مطالبہ کیا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے لیے استعمال کیے گئے القابات پر معافی مانگے۔ ان کے بقول پی ٹی آئی نے ماضی میں جو رویہ اختیار کیا، اس کے باعث صوبے کو نقصان پہنچا۔گورنر راج سے متعلق سوال پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کو بچانے کے لیے گورنر راج نافذ کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا گھر ان کے لیے اپنا گھر ہے اور وہ تمام سیاسی رہنماؤں کا احترام کرتے ہیں، تاہم سیاسی معاملات پر اختلافات ہوسکتے ہیں۔خیبرپختونخوا میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوتتقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کو خیبرپختونخوا کے قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں شمسی توانائی اور سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔گورنر نے نمائش میں قائم مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کی شرکت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نمائش قابل تجدید توانائی، جدید شمسی نظام اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔