نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کی سری لنکا کے خلاف کارکردگی متاثر کن رہی، مائیک ہیسن

نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کی سری لنکا کے خلاف کارکردگی متاثر کن رہی، مائیک ہیسن

Nov 23, 2026|ویب ڈیسک

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ تجربہ کار سری لنکن ٹیم کے خلاف نئے پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی، نوجوان کھلاڑیوں نے سیریز میں میچ ونر پرفارمنس دکھائی۔مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں نے بھی نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ہوم سیریز میں بھی ایسی پچز تیار کی جائیں گی جو غیر ملکی کنڈیشنز کی تیاری میں مددگار ثابت ہوں، کیونکہ جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں عموماً سیم اور سوئنگ والی وکٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں ثاقب خان کی کمی محسوس ہوئی، وہ پاکستان کے ٹیسٹ بولنگ اٹیک میں ایک بہترین اضافہ ہیں۔ تاہم ان کی غیر موجودگی میں سری لنکا کو دوسری اننگز میں آل آؤٹ کرنے پر انہیں باقی بولرز پر فخر ہے۔ان کے مطابق رضا اللہ کی رفتار، عامر جمال کی سیم موومنٹ، عباس کی درست لائن و لینتھ اور ثاقب خان کی سوئنگ مل کر ایک مضبوط بولنگ اٹیک تشکیل دیتے ہیں۔مائیک ہیسن نے بتایا کہ پہلے ٹیسٹ میں ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کا موقع ملا تو طیب عارف اور طحہٰ نے نئی گیند کا بہترین انداز میں سامنا کیا، جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں اذان اویس نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے سلمان علی آغا کو ٹیم کا اہم کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ محمد سلیمان، سعد بیگ، سمیر منہاس اور علی شبیر بھی باصلاحیت نوجوان کرکٹرز ہیں۔ہیڈ کوچ کے مطابق علی شبیر تیز رفتار بولر ہیں اور ریورس سوئنگ بھی کروا سکتے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر ابرار احمد اور علی عثمان کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے، کیونکہ پاکستان کے پاس اس وقت اچھے کھلاڑیوں کے متعدد آپشن موجود ہیں۔مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ ساجد خان بھی اچھے اسپنر ہیں، جو بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کے خلاف مؤثر بولنگ کرتے ہیں۔