ناصر ادیب اور ریما خان تنازع، زویا ناصر نے والد کے بیان پر وضاحت دے دی
کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اور بیوٹیشن زویا ناصر نے اپنے والد اور معروف فلمی مصنف ناصر ادیب کے اداکارہ ریما خان سے متعلق متنازع بیان پر وضاحت پیش کر دی۔زویا ناصر حال ہی میں ایک جیو پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے شوبز کیریئر، ذاتی زندگی اور والد کے حالیہ تنازع پر گفتگو کی۔واضح رہے کہ ناصر ادیب نے کچھ عرصہ قبل ایک پوڈکاسٹ میں ماضی کی لالی ووڈ شخصیات کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ ریما خان کا تعلق لاہور کے ریڈ لائٹ علاقے سے تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ماضی میں متعدد اداکاراؤں کا اس علاقے میں رہنا معمول کی بات تھی۔ناصر ادیب کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا، جس کے بعد انہیں معذرت بھی کرنا پڑی تھی۔اب زویا ناصر نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد کو پروگرام کے دوران اسکرپٹ دیا جاتا تھا اور وہ عمر کے اس حصے میں ہیں جہاں سفارتی انداز میں گفتگو کرنے کی باریکیوں کو سمجھنا ان کے لیے مشکل ہے۔زویا ناصر کے مطابق ان کے والد اس معاملے پر معذرت کر چکے ہیں، جبکہ دونوں جانب سے یہ وضاحت بھی کی جا چکی ہے کہ ریما خان کی توہین کرنا مقصود نہیں تھا۔