ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: پاکستان نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے دی
دوحہ (سپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی۔پاکستان کی جانب سے دیے گئے 314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 49.1 اوورز میں 265 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ بھارتی کپتان تلک ورما کی 148 گیندوں پر سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، جبکہ ابھیشیک شرما نے 70 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے یوش بدونی، وپراج نگم اور ہرشیت رانا کوئی رن نہ بنا سکے۔ سوریا ونشی 11، رنکو سنگھ 6 اور کمار 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے علی رضا اور حسن نواز نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عمران رندھاوا نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سفیان مقیم نے ہرشیت رانا کی وکٹ حاصل ہونے کے بعد جارحانہ انداز میں جشن منایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.2 اوورز میں 313 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے 82 گیندوں پر 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔اوپنر معاذ صداقت نے 59 رنز بنائے، جبکہ فرحان یوسف نے 48 گیندوں پر 56 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ شامل حسین نے 33 اور کپتان عبدالصمد نے 28 رنز اسکور کیے۔پاکستانی اوپنرز شامل حسین اور معاذ صداقت نے 66 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ بھارت کی جانب سے ہرشیت رانا، سوریانش شیجے اور وپراج نگم نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔