بابر اعظم کی طوفانی اننگز، ڈیزرٹ وائپرز کی شاندار فتح
شارجہ (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (آئی ایل ٹی 20) میں اپنے ڈیبیو میچ کو یادگار بناتے ہوئے 86 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کو شارجہ واریئرز کے خلاف 6 وکٹوں سے شاندار کامیابی دلا دی۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں شارجہ واریئرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جواب میں ڈیزرٹ وائپرز نے بابر اعظم کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف محض 17.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔بابر اعظم نے صرف 51 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 13 دلکش چوکوں اور 2 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 86 رنز اسکور کیے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اپنی اس اننگز کے دوران بابر اعظم نے آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں ایک اننگز کے دوران سب سے زیادہ چوکے لگانے کا نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ علیشان شرفو کے پاس تھا جنہوں نے 2024ء میں ایک اننگز میں 11 چوکے جڑے تھے۔قومی اسٹار نے 31 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور جارڈن کلارک کے ہمراہ تیسری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 82 رنز جوڑ کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کی رواں سیزن میں یہ پہلی فتح ہے، جبکہ ٹیم اپنا اگلا میچ 25 نومبر کو دبئی کیپیٹلز کے خلاف کھیلے گی۔