پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس سیریز 4 دسمبر کو ریلیز ہوگی
کراچی ( شو بز ڈیسک)پاکستان کی پہلی اوریجنل نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مداحوں کا انتظار ختم ہونے والا ہے۔نیٹ فلکس یوکے کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سیریز کا سرکاری پوسٹر جاری کیا گیا ہے۔ معروف مصنفہ فرحت اشتیاق کے مقبول ناول پر مبنی یہ سیریز 4 دسمبر 2026 کو نیٹ فلکس پر پیش کی جائے گی۔سیریز کی کاسٹ میں ماہرہ خان، فواد خان، ہانیہ عامر، احد رضا میر، اقرا عزیز، حمزہ علی عباسی، صنم سعید، بلال اشرف اور دیگر اداکار شامل ہیں۔ہم ٹی وی اور نیٹ فلکس کے اشتراک سے تیار کی جانے والی اس سیریز کی ہدایتکاری اور پروڈکشن کے فرائض مومنہ درید نے انجام دیے ہیں۔واضح رہے کہ فرحت اشتیاق کا یہ ناول پہلی مرتبہ 2009 میں خواتین ڈائجسٹ میں شائع ہوا تھا، جبکہ 2013 میں اسے کتابی شکل میں پیش کیا گیا۔سیریز کا پوسٹر سامنے آتے ہی مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا، تاہم ناول پڑھنے والے بعض افراد نے اس کی کہانی کو پردۂ اسکرین پر پیش کیے جانے کے حوالے سے خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔