ایشوریا رائے کو سلمان خان سے محفوظ رکھنے کیلئے باڈی گارڈ تعینات کیا گیا تھا، سابق محافظ کا انکشاف

ایشوریا رائے کو سلمان خان سے محفوظ رکھنے کیلئے باڈی گارڈ تعینات کیا گیا تھا، سابق محافظ کا انکشاف

Nov 23, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے کے سابق باڈی گارڈ کیتن کرانڈے نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اداکارہ کو سلمان خان سے محفوظ رکھنے کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔کیتن کرانڈے نے ایک انٹرویو میں ماضی کا واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 20 سال قبل انہیں ایشوریا رائے کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ ان کے مطابق کسی کو معلوم نہیں تھا کہ وہ اداکارہ کے باڈی گارڈ ہیں۔ ان کا کام ایشوریا کو گھر سے شوٹنگ کے لیے لے جانا، ان کے ساتھ گاڑی میں سفر کرنا اور انہیں بحفاظت واپس گھر پہنچانا تھا۔سابق باڈی گارڈ نے بتایا کہ پروڈیوسر وکرم بھٹ کے زیر اہتمام ایک فیشن شو میں وہ ایشوریا رائے کے ساتھ موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر اچانک ایشوریا اور سلمان خان کا سامنا ہوگیا، جس سے وہاں موجود تمام افراد خوف زدہ ہوگئے۔ ان کے بقول اس واقعے کے اگلے ہی روز انہوں نے ملازمت چھوڑ دی۔ملازمت چھوڑنے کی وجہ سے متعلق سوال پر کیتن کرانڈے نے کہا کہ سلمان خان کے پاس شاید پستول ہوتی تھی، تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا کہ باڈی بلڈنگ ان کے کیریئر کی راہ میں رکاوٹ بن رہی تھی، جس کے باعث انہوں نے یہ کام ترک کردیا۔واضح رہے کہ 2002 میں ایشوریا رائے روہن سپی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’کچھ نہ کہو‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، جس میں ابھیشیک بچن بھی شامل تھے۔ مصنفہ کاویری بامزئی نے اپنی کتاب ’دی تھری خانز اینڈ دی ایمرجنس آف نیو انڈیا‘ میں لکھا ہے کہ سلمان خان اس بات کے سخت مخالف تھے کہ ایشوریا رائے، ابھیشیک بچن کے ساتھ کام کریں۔