بلاول گورنر راج اور ایمرجنسی میں توسیع کے حق میں ووٹ نہ دیں، تحریک انصاف

بلاول گورنر راج اور ایمرجنسی میں توسیع کے حق میں ووٹ نہ دیں، تحریک انصاف

Nov 23, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد ( اباسین خبر) پاکستان تحریک انصاف کے خیبرپختونخوا سے منتخب ارکان قومی اسمبلی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں سے متعلق پارٹی کے مؤقف کی حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی نیک نیتی ثابت کرنے کے لیے گورنر راج کے خاتمے میں کردار ادا کریں اور قومی اسمبلی میں گورنر راج و ایمرجنسی کی توسیع کے حق میں ووٹ نہ دیں۔پی ٹی آئی کے خیبرپختونخوا سے منتخب ارکان قومی اسمبلی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں عاطف خان، سلیم الرحمن، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، شہرام خان ترکئی، شہزادہ گستاسپ، محمد نواز خان، آصف خان، علی اصغر، ارباب شیر علی، سہیل سلطان، علی خان جدون، ساجد مہمند، شاہ احد اور بشیر خان سمیت سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شرکت کی۔پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان کو فوری طور پر ذاتی معالج، اہل خانہ اور وکلا سے ملاقات کی سہولت فراہم کی جائے۔ اس کے علاوہ علیمہ خان، بشریٰ بی بی، ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور دیگر رہنماؤں کو رہا کیا جائے۔اجلاس کے شرکا نے گرفتار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت منتخب نمائندوں کو منظر عام پر لانے اور صوبے کے مالی و آئینی حقوق ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ارکان نے بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے مؤقف کو عملی اقدامات کے ذریعے ثابت کریں۔اجلاس میں خیبرپختونخوا کے مالی حقوق کی ادائیگی میں تاخیر اور صوبائی وسائل میں کٹوتیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ وفاق نے صوبے کو 160 ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرنے کے بجائے 157 ارب روپے کی کٹوتی کردی۔ارکان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو اس کے آئینی اور مالی حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، جبکہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے صوبے کے سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل مزید پیچیدہ ہوگئے ہیں۔اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔