حکومتِ بلوچستان کا دہشتگردوں کی اطلاع پر کروڑوں انعام
کوئٹہ ( اباسین خبر) حکومتِ بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی گرفتاری میں مدد دینے کے لیے ان کی مستند معلومات فراہم کرنے والوں کو کروڑوں روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا ہے۔معاونِ وزیرِ داخلہ برائے میڈیا امور بابر یوسفزئی نے ایک بیان میں بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے سروں کی قیمت 5 کروڑ سے 25 کروڑ روپے تک مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مطلوب دہشتگرد رحمان گل کے بارے میں مصدقہ معلومات فراہم کرنے والے کو 25 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا، جبکہ بشیر زیب کے حوالے سے اطلاع دینے والے شخص کے لیے بھی 25 کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔بابر یوسفزئی کے مطابق فہرست میں شامل دیگر انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی نشاندہی پر بھی بھاری انعامات رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قیامِ امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور دہشتگردوں کی نقل و حرکت سے متعلق مستند معلومات فوری طور پر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کریں۔