محسن نقوی کی اہم ملاقاتیں، پی ایس ایل پشاور اعلان
پشاور( اباسین خبر) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدر مسلم لیگ (ق) چودھری شجاعت حسین اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے الگ الگ اہم ملاقاتیں کیں، جن میں ملکی سلامتی، انتظامی اصلاحات اور خیبرپختونخوا میں کرکٹ کی بحالی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے دوران اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور قیامِ امن کے لیے حکومتی اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا تعلق براہِ راست عوام کی سہولت، بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے جڑا ہے، جبکہ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ثابت ہو سکتا ہے۔مسلم لیگ (ق) کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز عام شہری ہیں، اگر آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا گیا تو کل تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی منشا کے مطابق فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے۔ انہوں نے چودھری شجاعت کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انسدادِ دہشتگردی اور امن و امان کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر چودھری سالک حسین اور صوبائی وزیر چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔بعد ازاں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی گورنر ہاؤس پشاور پہنچے جہاں انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جسے عوام کے تعاون سے جیتا جائے گا۔گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ صوبے میں تجاوزات اور غیر قانونی مائننگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، مائننگ کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے کر پرانے ٹھیکے اور لائسنس منسوخ کر دیے گئے ہیں، اور اب یہ ٹھیکے کسی فرد کے بجائے صرف رجسٹرڈ کمپنیوں کو دیے جائیں گے۔ انہوں نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فنڈز کی فراہمی پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے صوبے کی ترقی کے لیے 160 ارب روپے کا خصوصی پیکیج دیا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیرِ داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا کہ 12 سال کے طویل انتظار کے بعد آئندہ سال مارچ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے پشاور اور خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے مزید بتایا کہ گورنر خیبرپختونخوا کے مسلسل مطالبے پر پشاور میں کرکٹ کی رونقیں بحال کی جا رہی ہیں، جبکہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں پشاور میں تین ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی مقابلے بھی کرائے جائیں گے۔