بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے پچیس ہزار ملازمتوں کا منصوبہ

بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے پچیس ہزار ملازمتوں کا منصوبہ

Nov 24, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ ( اباسین خبر) بلوچستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے 25 ہزار سے زائد ملازمتوں کا جامع منصوبہ سامنے آیا ہے، جسے صوبے کے روشن مستقبل اور قومی دھارے میں مؤثر شمولیت کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے نوجوانوں کے لیے اس بڑے روزگار پیکج پر صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان اور اعلیٰ عسکری قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام ان تمام اکابرین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے صوبے کے نوجوانوں کا احساس کیا اور انہیں روزگار کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اعلیٰ عسکری قیادت نے بلوچستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار دلانے کے لیے سب سے پہلے آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے کہ صوبے بھر کے باصلاحیت نوجوانوں کو بلا تفریق اور برابری کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔میر سرفراز بگٹی نے نوجوانوں کو صوبے کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی توانائیوں سے بھرپور استفادہ کر کے بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔دوسری جانب بلوچستان کے نوجوانوں نے بھی 25 ہزار سے زائد ملازمتوں کے اس منصوبے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور سیاسی و عسکری قیادت کے اقدام کو سراہا ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر بھرتیاں صوبے کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہیں، اور انہیں امید ہے کہ تمام اہل امیدواروں کو یکساں مواقع ملیں گے جس سے صوبے میں معاشی استحکام آئے گا۔