نئے صوبوں کا قیام آئینی ترمیم کے بغیر ممکن نہیں، بیرسٹر گوہر

نئے صوبوں کا قیام آئینی ترمیم کے بغیر ممکن نہیں، بیرسٹر گوہر

Nov 23, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( اباسین خبر) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترمیم ضروری ہے اور ریفرنڈم آئینی ترمیم کا متبادل نہیں بن سکتا۔پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہے، جبکہ صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے لیے بھی آئینی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی حساس ہے، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے۔ حکومت کی مجوزہ آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف اپنا مؤقف پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم پر سیاسی اور قانونی کمیٹیاں مشاورت کریں گی، جبکہ اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن اتحاد سے بھی بات چیت کی جائے گی۔ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ذاتی سیاسی مفادات کے لیے عدلیہ کو کمزور نہیں کرنا چاہیے۔ محسن نقوی سے نئے صوبوں کے معاملے پر تحریک انصاف کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور نہ ہی وہ سیاسی رہنماؤں سے محسن نقوی کی ملاقاتوں کے مقاصد سے آگاہ ہیں۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت پر تشویشبانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پوری جماعت دونوں کی صحت کے حوالے سے فکرمند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کا معاملہ سیاسی نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق سے متعلق ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد کیا جائے اور بانی پی ٹی آئی کا علاج قائم کردہ میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں کرایا جائے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ اور ذاتی معالجین کو علاج کے حوالے سے مطمئن کیا جائے اور انہیں اپنے ڈاکٹروں کی نگرانی میں مکمل طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر سے متعلق رپورٹس تشویش کا باعث ہیں، اس لیے ان کی صحت کے بارے میں مستند طبی رپورٹس سامنے لائی جانی چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس سے ملاقات کے دوران بھی سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کی درخواست کی تھی۔