قیصر احمد شیخ کی امریکی ناظم الامور سے ملاقات، معا شی تعاون بڑھانے پر گفتگو
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون سمیت دوطرفہ کاروباری روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قیصر احمد شیخ نے پاک امریکا تعلقات کے فروغ کیلئے نٹالی بیکر کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دینے کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیر نے تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔ملاقات میں معدنیات، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ کاروباری ماحول بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے 550 سے زائد اصلاحات کی جاچکی ہیں، جبکہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ان کے مطابق اسلام آباد بزنس فسیلیٹیشن سینٹر نے اپنے پہلے سال کے دوران 6.6 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کی اور 20 ہزار سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی معاونت کی۔قیصر احمد شیخ نے پاکستان اور امریکا کے کاروباری تعلقات مزید مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر کو ورلڈ اکنامک فورم کی سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ امپیکٹ میٹنگز 2026 میں شرکت کی دعوت دیے جانے سے بھی آگاہ کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے مختلف اقدامات کررہا ہے۔