وزیراعظم شہباز شریف کا عوام کیلئے پیٹرول سبسڈی میں توسیع کا فیصلہ

2 گھنٹے قبل
وزیراعظم شہباز شریف کا عوام کیلئے پیٹرول سبسڈی میں توسیع کا فیصلہ

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال اور عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کے دباؤ کے پیش نظر کم آمدنی والے طبقے کو مزید ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے گزشتہ ماہ دی جانے والی سبسڈی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت اربوں روپے کے قومی ریلیف پیکیج کے ذریعے عام شہریوں کو سہولت فراہم کرتی رہے گی اور کرایوں میں کسی بھی غیر قانونی اضافے کی سخت نگرانی کی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مشکل حالات میں عوام کے لیے ریلیف اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی جہاں تک ممکن ہوا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی کو سہولت دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ خطے کی صورتحال میں بہتری آئے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہو سکے۔