خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی؟ وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا
اسلام آباد( اباسین خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتِ حال پر غور کے لیے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم کی زیرِ صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا، جس میں اہم وفاقی وزرا اور وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ وزارتِ داخلہ کے حکام خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتِ حال پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔اجلاس میں صوبے کی موجودہ صورتِ حال، عوام کے تحفظ اور امن و امان سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ایمرجنسی کے نفاذ، گورنر راج اور دیگر آئینی اقدامات کے امکانات پر غور متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے سے متعلق فیصلہ بھی اجلاس میں زیرِ غور آسکتا ہے۔ اگر ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا تو اس کے لیے وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی، جس کے لیے وزیراعظم کابینہ کا اجلاس طلب کریں گے۔اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ صوبے کے اہم اختیارات وفاق کے استعمال میں دینے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، جبکہ آئین کے آرٹیکل 232 سے 234 تک کا جائزہ لینے کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اجلاس میں قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ صوبے کی صورتِ حال پر غور کے بعد اہم اختیارات وفاقی حکومت کو منتقل کرنے سے متعلق تجاویز بھی زیرِ بحث آسکتی ہیں۔