جنوبی افریقا کے خلاف آسٹریلیا لڑکھڑا گیا، رینشا اور کمنز نے سنبھال لیا

جنوبی افریقا کے خلاف آسٹریلیا لڑکھڑا گیا، رینشا اور کمنز نے سنبھال لیا

Oct 10, 2026|ویب ڈیسک

کنگزمیڈ( سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے ابتدائی روز آسٹریلیا کی بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی، تاہم میٹ رینشا اور کپتان پیٹ کمنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچالیا۔خراب روشنی کے باعث کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے تھے۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن نک میڈنسن کو بطور اوپنر میدان میں اتارنے کا تجربہ کامیاب نہ ہوسکا۔ تقریباً دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرنے والے میڈنسن 33 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے، جبکہ ٹریوس ہیڈ بھی نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔مارنس لبوشین اور اسٹیون اسمتھ نے 60 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سہارا دیا، تاہم دونوں بلے باز لنچ کے آس پاس پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ایلکس کیری، بیو ویبسٹر اور دیگر بلے باز بھی جنوبی افریقی بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے۔جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو جینسن، ویان مولڈر اور اینرک نورکیا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ نورکیا نے ساڑھے تین سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔دوسری جانب پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے میٹ رینشا نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 115 گیندوں پر ناقابلِ شکست 46 رنز بنائے۔ کپتان پیٹ کمنز نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں کے درمیان 63 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم ہوئی۔خراب روشنی کے باعث کھیل روکے جانے تک آسٹریلیا کی پوزیشن پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوچکی تھی۔