شاداب کی واپسی میرٹ پر ہوئی، مڈل آرڈر کے مسائل حل ہوگئے، معاذ صداقت

شاداب کی واپسی میرٹ پر ہوئی، مڈل آرڈر کے مسائل حل ہوگئے، معاذ صداقت

Oct 10, 2026|ویب ڈیسک

راولپنڈی( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے نوجوان بلے باز معاذ صداقت نے کہا ہے کہ شاداب خان اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں واپس آئے ہیں، جبکہ مڈل آرڈر کے مسائل بھی کافی حد تک حل ہوگئے ہیں، جس سے ٹیم کی بیٹنگ بہتر ہونے کی امید ہے۔سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی کامیابی کے بعد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاذ صداقت نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ٹیم میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔ یہ ان کی پہلی نصف سنچری تھی اور وہ آئندہ میچوں میں بھی ایسی کارکردگی دہرانے کی کوشش کریں گے۔معاذ صداقت کا کہنا تھا کہ وہ جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں اور پاور پلے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ان کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ وہ اپنی قدرتی صلاحیتوں کے مطابق کھیلنا پسند کرتے ہیں اور ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے زیادہ پُراعتماد محسوس کرتے ہیں۔شاداب خان کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شاداب نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، اسی بنیاد پر انہیں میرٹ پر ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔مڈل آرڈر کی بیٹنگ پر بات کرتے ہوئے معاذ صداقت نے کہا کہ حسن نواز اس پوزیشن پر اچھی بیٹنگ کرتے ہیں، جبکہ عبدالصمد بھی اچھی فارم میں ہیں۔ ان کے مطابق مڈل آرڈر کے مسائل بڑی حد تک حل ہوچکے ہیں اور اس سے قومی ٹیم کی بیٹنگ میں بہتری آنے کی توقع ہے۔واضح رہے کہ معاذ صداقت نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 29 گیندوں پر 50 رنز بنا کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔