اسلام آباد( کامرس ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور مجموعی سپلائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے ذخائر اس وقت تسلی بخش سطح پر موجود ہیں اور مئی 2026 کے تیسرے ہفتے تک ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کو فعال کر دیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر سپلائی چین کی نگرانی کر رہی ہے۔اجلاس میں ریفائنریز اور آئل اسٹوریج سہولیات کی سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ان حفاظتی انتظامات کے اخراجات متعلقہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں برداشت کریں گی۔نائب وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں جاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک بھر میں ایندھن کی مسلسل اور محفوظ فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ملک میں پیٹرولیم ذخائر تسلی بخش قرار، بلا تعطل سپلائی کی یقین دہانی
4 گھنٹے قبل