پاکستان کے محنت کش عزم و ہمت اور قومی وقار کی علامت ہیں:وزیراعظم

1 گھنٹے قبل
پاکستان کے محنت کش عزم و ہمت اور قومی وقار کی علامت ہیں:وزیراعظم

اسلام آباد( اباسین خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے محنت کش عزم و ہمت اور قومی وقار کی علامت ہیں۔عالمی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام عالم کے ساتھ مل کر یکم مئی کو پرعزم انداز میں منا رہا ہے اور دنیا بھر خصوصاً پاکستانی محنت کشوں کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدور، کسان، کاریگر اور دیگر محنت کش طبقات کی محنت اور استقامت ہی معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھتی ہے اور یہی افراد معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔وزیراعظم کے مطابق پاکستانی مزدور اندرون و بیرون ملک اپنی محنت، مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، جبکہ سمندر پار محنت کش قیمتی زرمبادلہ کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے لیے نیشنل اسکلز ڈیویلپمنٹ پالیسی کے تحت اقدامات کر رہی ہے تاکہ عالمی معیار کے مطابق تربیت، زبانوں پر عبور اور سرٹیفکیشن فراہم کیا جا سکے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ سرکاری ادارے مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو پنشن، رہائش، تعلیم اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔