دو ماہ میں پاکستان کا بیرونی قرض 1.70 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

دو ماہ میں پاکستان کا بیرونی قرض 1.70 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

Sep 23, 2026|ویب ڈیسک

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک)رواں مالی سال 2026-27 کے ابتدائی دو ماہ میں پاکستان نے ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرض حاصل کیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 23.60 فیصد زیادہ ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست میں حاصل ہونے والی بیرونی مالی معاونت 476 ارب روپے کے برابر رہی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 391 ارب روپے مالیت کی مالی معاونت حاصل ہوئی تھی۔رپورٹ کے مطابق اس دوران مختلف منصوبوں کے لیے 48 کروڑ 45 لاکھ ڈالر جبکہ غیر منصوبہ جاتی مد میں ایک ارب 21 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔عالمی مالیاتی اداروں نے مجموعی طور پر 59 کروڑ ڈالر سے زائد قرض فراہم کیا۔ اسلامی ترقیاتی بینک نے 19 کروڑ 12 لاکھ ڈالر، عالمی بینک نے 23 کروڑ 84 لاکھ ڈالر جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے 9 کروڑ 57 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق مختلف ممالک سے بھی 3 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت ملی، جس میں جرمنی کا حصہ ایک کروڑ 28 لاکھ ڈالر اور سعودی عرب کا 89 لاکھ ڈالر تھا۔رواں مالی سال کے دوران اب تک چین سے کوئی مالی معاونت موصول نہیں ہوئی، جبکہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے ذریعے 62 کروڑ 97 لاکھ ڈالر اور غیر ملکی تجارتی بینکوں سے 30 کروڑ ڈالر قرض حاصل کیا گیا۔