بدخشاں میں طالبان مخالف مزاحمتی کارروائیاں تیز، متعدد حملے رپورٹ

بدخشاں میں طالبان مخالف مزاحمتی کارروائیاں تیز، متعدد حملے رپورٹ

Sep 23, 2026|ویب ڈیسک

بدخشاں( مانیٹرنگ ڈیسک) تاجکستان کی سرحد سے متصل افغانستان کے صوبے بدخشاں میں مسلح جھڑپوں اور طالبان مخالف مزاحمتی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی اطلاعات ہیں۔افغان جریدے افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق احمد مسعود، جنرل یاسین ضیاء اور جنرل سمیع سادات سمیت مختلف مزاحمتی رہنما اور تنظیمیں سرگرم ہیں۔ افغانستان فریڈم فرنٹ، یونائیٹڈ فرنٹ اور نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے صرف اگست کے دوران طالبان کے خلاف کم از کم 50 کارروائیوں کا دعویٰ کیا۔اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں مئی سے جولائی کے دوران 2 ہزار 947 سیکیورٹی واقعات ریکارڈ کیے گئے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہیں۔رپورٹ کے مطابق افغانستان میں سرگرم 14 مسلح مخالف گروہوں نے 21 صوبوں میں 88 بڑے حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔وسطی ایشیا کے امور سے متعلق جریدے دی ٹائمز آف سینٹرل ایشیا کے مطابق افغانستان سے منسلک سیکیورٹی خطرات میں اضافے کے باعث تاجکستان سمیت اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم کے رکن ممالک نے ’’روبیژ 2026‘‘ کے نام سے جنگی مشقیں بھی کی ہیں۔