پی آئی اے کے نئے مالکان کا فضائی بیڑا بڑھانے کا فیصلہ
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے نئے مالکان کے اہم اجلاس میں فضائی بیڑے میں اضافے اور پروازوں کے نظام کو بہتر بنانے سے متعلق متعدد فیصلے کیے گئے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے یورپی فضائی کمپنی نارس اٹلانک سے دو بوئنگ 777 طیارے 6 ماہ کے لیے ویٹ لیز پر حاصل کرنے کی منظوری دے دی۔بورڈ نے مزید 3 طیارے ڈرائی لیز پر لینے کی بھی اجازت دے دی، جس سے قومی فضائی کمپنی کے بیڑے میں مزید طیاروں کا اضافہ ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے بوئنگ طیاروں کو بالخصوص یورپ اور برطانیہ کے فضائی راستوں پر استعمال کیا جائے گا، جس سے ان روٹس پر پروازوں کی تعداد اور پی آئی اے کی عملی صلاحیت بڑھنے کی توقع ہے۔اجلاس میں موجودہ طیاروں کی آپریشنل ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا اور طیاروں کے لیے درکار پرزہ جات کی خریداری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ طیارے فعال رکھے جاسکیں۔بورڈ اجلاس میں پی آئی اے کے مالیاتی اور عملی معاملات سمیت دیگر اہم امور پر بھی غور کیا گیا اور فضائی آپریشنز کو مزید مستحکم بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔