پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 70 فیصد نمایاں کمی
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اگست کے دوران سالانہ بنیاد پر 70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بڑی صنعتوں کی پیداوار ماہانہ بنیاد پر 9.5 فیصد بڑھ گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال 2027ء کے ابتدائی دو ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سالانہ بنیاد پر 36 فیصد کم ہوا۔ اس عرصے میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ 3 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026ء میں کارپوریٹ منافع 15 فیصد بڑھا جبکہ کمپنیوں کی نئی رجسٹریشنز میں سالانہ 45 فیصد اضافہ ہوا۔ دو ماہ کے دوران ترسیلات زر 17 فیصد اضافے سے 7.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، سروسز کی برآمدات 29 فیصد، آئی ٹی برآمدات 17 فیصد اور فری لانسرز کی آمدن 42 فیصد بڑھ گئی۔اعداد و شمار کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 316 ملین ڈالر رہی، جو سالانہ بنیاد پر 80 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 77 فیصد زیادہ ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے مجموعی ترسیلات 13.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2027ء کے ابتدائی دو ماہ میں 5 ابتدائی عوامی پیشکشیں مکمل ہوئیں، جبکہ مالی سال 2026ء میں یہ تعداد 11 رہی۔ انویسٹ پاک کے خوردہ سرمایہ کاروں کی تعداد 12 ہزار 800 تک پہنچ گئی۔پاکستان کے سسٹین ایبل پانڈا بانڈ کو کلائمیٹ بانڈز ایوارڈ سے عالمی پذیرائی ملی، جبکہ ملک کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر بھی ریکارڈ 21.4 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔