دبئی میں پاک بھارت کامیڈی ستاروں کا میگا شو، نامور فنکار ایک اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گے
دبئی شو بز ڈیسک)متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں 18 اکتوبر کو مزاح، موسیقی اور تفریح سے بھرپور میگا شو ’’ملاپ‘‘ منعقد ہوگا، جس میں پاکستان اور بھارت کے معروف فنکار ایک ہی اسٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔معروف بھارتی اداکارہ راکھی ساونت، پاکستانی کامیڈی اسٹار شکیل صدیقی، رؤف لالا اور دیگر مقبول فنکار اس رنگا رنگ پروگرام میں شرکت کریں گے اور اپنے منفرد انداز سے شائقین کو محظوظ کریں گے۔شو کے حوالے سے دبئی میں پریس کانفرنس بھی منعقد ہوئی، جس میں راکھی ساونت، شکیل صدیقی اور دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کی مشترکہ پرفارمنس کو شو کی نمایاں خصوصیت قرار دیا گیا۔ایک مقامی ایونٹ کمپنی کے زیر اہتمام ہونے والے اس پروگرام میں راکھی ساونت، شکیل صدیقی، رؤف لالا، مست علی، عزیز ناصر، گلو دادا، اکبر تبر اور ماہم طاہر سمیت متعدد فنکار شریک ہوں گے، جبکہ تشہیری مواد میں فیروز خان کا نام بھی شامل ہے۔منتظمین کے مطابق ’’ملاپ‘‘ کا بنیادی مقصد پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کو مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کرنا اور فن، مزاح اور موسیقی کے ذریعے مختلف کمیونٹیز کو قریب لانا ہے۔ پروگرام میں مزاحیہ خاکے، برجستہ مکالمے، کامیڈی پرفارمنس اور موسیقی کے خصوصی رنگ پیش کیے جائیں گے۔شو میں شکیل صدیقی اور رؤف لالا اپنی مخصوص کامیڈی کے ذریعے حاضرین کو محظوظ کریں گے، جبکہ راکھی ساونت کی شرکت بھی تقریب کی اہم کشش ہوگی۔پروگرام کا ایک خصوصی حصہ ’’ملاپ — ٹیبل فار لافٹر‘‘ بھی ہوگا، جس میں ریسٹورنٹ کے ماحول پر مبنی ایک دلچسپ مزاحیہ کہانی اسٹیج پر پیش کی جائے گی۔ اس خاکے میں فنکار مختلف کردار ادا کرکے حاضرین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی کوشش کریں گے۔یہ میگا شو اتوار 18 اکتوبر 2026 کو دبئی کے شیخ راشد آڈیٹوریم، انڈین ہائی اسکول، عود میثا میں شام ساڑھے سات بجے سے رات ساڑھے دس بجے تک منعقد ہوگا۔دبئی میں پاکستانی اور بھارتی کمیونٹیز کی بڑی تعداد کے باعث اس مشترکہ ثقافتی و تفریحی پروگرام کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ’’ملاپ‘‘ کے ذریعے دونوں ممالک کے فنکاروں کی صلاحیتوں کو ایک ساتھ پیش کرکے شائقین کو ایک منفرد اور یادگار شام فراہم کی جائے گی۔مزاح، موسیقی اور قہقہوں پر مشتمل یہ پروگرام دبئی میں جنوبی ایشیائی فنکاروں کے مشترکہ ثقافتی میل جول کی ایک اہم سرگرمی ثابت ہونے کی توقع ہے۔