پاکستان خواتین کے لیے محفوظ ماحول فراہم نہیں کر رہا، سیمی راحیل کا اظہارِ تشویش

پاکستان خواتین کے لیے محفوظ ماحول فراہم نہیں کر رہا، سیمی راحیل کا اظہارِ تشویش

Oct 16, 2026|ویب ڈیسک

کراچی ( شو بز ڈیسک) سینئر اداکارہ سیمی راحیل نے خواتین کے ساتھ پیش آنے والے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان خواتین کے رہنے کے لیے موزوں ملک نہیں رہا۔ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے سیمی راحیل نے اپنے ماضی کا حوالہ دیا اور بتایا کہ ان کے دور میں وہ ٹی شرٹ اور جینز پہن کر تین گھنٹے تک پیدل چہل قدمی کرنے کے بعد سردیوں میں گھر واپس آیا کرتی تھیں۔اداکارہ کے مطابق اس زمانے میں بھی خواتین کو آوازیں کسنے جیسے واقعات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، لیکن کسی کو یہ جرات نہیں ہوتی تھی کہ وہ کسی خاتون کو ہاتھ لگائے۔ اگر انارکلی بازار میں کوئی ایسا کرنے کی کوشش کرتا تو لوگ اسے پکڑ لیتے تھے۔سیمی راحیل نے کہا کہ ماضی میں اس نوعیت کے واقعات روزانہ پیش نہیں آتے تھے اور نہ ہی حالات اس حد تک خراب تھے جیسے آج دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے بقول، اس وقت لوگوں میں کچھ خوف، شرم اور غیرت موجود تھی، لیکن اب انہیں معاشرے میں یہ رویے کم ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔