پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 1500 سے زائد پوائنٹس کی کمی

3 گھنٹے قبل
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 1500 سے زائد پوائنٹس کی کمی

کراچی ( کامرس ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ کے آغاز پر ہی منفی رجحان سامنے آیا اور ہنڈرڈ انڈیکس 1500 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 72 ہزار 405 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ ایک لاکھ 73 ہزار 962 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی تھی، تاہم نئے ہفتے کے آغاز پر ہی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 4 فیصد سے زائد تیزی ریکارڈ کی گئی، جبکہ تائیوان ایس ای انڈیکس میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ہوا۔جاپان اور ہانگ کانگ کی مارکیٹس میں بھی ایک فیصد کے قریب تیزی دیکھی گئی، تاہم چین، انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور ملائیشیا کی مارکیٹس میں معمولی مندی ریکارڈ کی گئی۔