اسلام آباد( اباسین خبر) دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کی خودمختاری اور مساوات کے اصولوں کا احترام کرتا ہے اور پائیدار امن کو صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن سمجھتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے مسلسل رابطے میں ہیں اور پاکستان کی امن کے لیے کوششوں کو چین سمیت کئی ممالک نے سراہا ہے۔ترجمان کے مطابق پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ خطے میں جنگ بندی اور استحکام کے لیے مکالمے کا راستہ اختیار کرنا ناگزیر ہے، اور پاکستان اس عمل میں فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے ایران اور امریکا سے متعلق رپورٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض میڈیا دعوؤں کو پاکستان نے مسترد کیا ہے اور ملک کی پوزیشن تمام حقائق کی روشنی میں واضح کی جا چکی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ دنوں میں قطر اور آذربائیجان کے رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں جن میں علاقائی صورتحال اور امن کوششوں پر بات چیت ہوئی۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطے میں ہے اور سفارتی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔
پاکستان تمام ممالک کی خودمختاری اور مساوات کے اصولوں کا احترام کرتا ہے: ترجمان دفتر خارجہ
2 گھنٹے قبل