ترکیہ میں عالمی ماحولیاتی فورم، پاکستان کا تجارتی ترسیلی نظام ماحول دوست بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) ترکیہ میں اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے تحت کوپ 31 فورم کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے وزراء اور مندوبین نے شرکت کی۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے فورم میں عالمی ماحول دوست مال برداری کے راہداری منصوبے سے خطاب کرتے ہوئے عالمی ترسیلی نظام کو کاربن کے اخراج سے پاک اور پائیدار بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ ایک دوسرے کے مخالف نہیں بلکہ باہم معاون ہیں۔ عالمی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ اعلانات کو عملی اقدامات اور سرحد پار ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان چین، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان ایک اہم علاقائی تجارتی پل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ قومی ریلوے منصوبہ 2026 کے تحت مال برداری میں ریل گاڑیوں کا حصہ بڑھا کر 20 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ شاہراہوں پر ہر 50 کلومیٹر کے فاصلے پر 3 ہزار برقی گاڑیوں کے برقی مراکز قائم کیے جائیں گے۔