پاکستان میں سونے کی قیمت میں مزید 1,500 روپے کی کمی
کراچی (کامرس ڈیسک) پاکستان میں سونے کی قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 30 ہزار 836 روپے کا ہوگیا۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں 1,500 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 30 ہزار 836 روپے مقرر ہوگئی۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1,286 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 69 ہزار 372 روپے ہوگئی۔دوسری جانب عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت 15 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 83 ڈالر پر آگئی۔ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 5 ہزار 723 روپے پر برقرار رہی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔واضح رہے کہ سونے کو روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے۔ معاشی اور سیاسی بے یقینی، افراط زر اور دیگر مالیاتی حالات کے باعث سرمایہ کار سونے میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں۔ پاکستان میں سونے کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کے تحت مقامی قیمت عالمی منڈی کی فی اونس قیمت سے 20 ڈالر زیادہ مقرر کی جاتی ہے۔