پاکستان نے آئی ایم ایف کی 4 میں سے 3 اہم مالیاتی شرائط پوری کرلیں

پاکستان نے آئی ایم ایف کی 4 میں سے 3 اہم مالیاتی شرائط پوری کرلیں

Nov 14, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی، جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی 4 میں سے 3 اہم مالیاتی شرائط پر عمل درآمد کرلیا، تاہم چاروں صوبے ٹیکس وصولیوں کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔وزارت خزانہ کے مطابق پہلی سہ ماہی میں چاروں صوبوں نے مجموعی طور پر 57 ارب 50 کروڑ روپے نقد گرانٹ فراہم کی، جبکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان جون میں ہونے والے معاہدے کے تحت رواں مالی سال کے دوران صوبوں کو مجموعی طور پر 1035 ارب روپے فراہم کرنا ہیں۔ اس طرح وفاق کو سالانہ طے شدہ رقم کا صرف 6 فیصد موصول ہوسکا، جو قومی اہمیت کے منصوبوں اور سکیورٹی اخراجات کے لیے مختص ہے۔صوبوں میں پنجاب نے سب سے زیادہ 32 ارب 50 کروڑ روپے فراہم کیے، سندھ کا حصہ 8 ارب 50 کروڑ، خیبرپختونخوا کا 12 ارب 70 کروڑ اور بلوچستان کا 3 ارب 70 کروڑ روپے رہا۔ خیبرپختونخوا حکومت اس سے قبل صوبائی گرانٹ کی فراہمی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کرنے کا اعلان کرچکی تھی۔مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق چاروں صوبے آئی ایم ایف کے ٹیکس وصولیوں کے ہدف سے پیچھے رہے، تاہم نقد سرپلس کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ وفاقی حکومت نے بھی بنیادی بجٹ سرپلس اور وفاقی بورڈ برائے محصولات (ایف بی آر) کی ٹیکس وصولیوں کے اہداف پورے کرلیے۔پہلی سہ ماہی کے لیے بنیادی بجٹ سرپلس کا ہدف 1950 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، تاہم وفاقی حکومت نے 2970 ارب روپے کا سرپلس ظاہر کیا، جو مجموعی قومی پیداوار کا 2.1 فیصد بنتا ہے۔ اس اضافی سرپلس کی ایک بڑی وجہ اسٹیٹ بینک کا سالانہ منافع پہلی سہ ماہی کی آمدن میں شامل کرنا تھا۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک کا منافع گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 20 فیصد یعنی 495 ارب روپے کم ہوکر تقریباً 1900 ارب روپے رہ گیا۔چاروں صوبوں نے مجموعی طور پر 599 ارب روپے کا نقد سرپلس پیدا کیا، جو آئی ایم ایف کے مقررہ ہدف سے 83 ارب روپے زیادہ تھا۔ تاہم صوبائی حکومتوں کی ٹیکس وصولیاں 301 ارب روپے رہیں، جو طے شدہ ہدف سے 88 ارب روپے کم تھیں۔ایف بی آر نے جولائی سے ستمبر کے دوران 3089 ارب روپے ٹیکس جمع کیے، جبکہ اس کا ہدف 3030 ارب روپے تھا۔ اس طرح ادارے نے سہ ماہی ہدف سے تقریباً 60 ارب روپے زیادہ وصولیاں کیں۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس آئندہ ماہ متوقع ہے، جس میں تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی قرض اقساط کی منظوری دی جاسکتی ہے۔