ایران امریکا کشیدگی پر پاکستان کے سفارتی رابطے تیز، اعلیٰ سطحی مشاورت جاری

9 گھنٹے قبل
ایران امریکا کشیدگی پر پاکستان کے سفارتی رابطے تیز، اعلیٰ سطحی مشاورت جاری

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور سول و عسکری قیادت اس معاملے پر متحرک ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے سفارتی اقدامات اس ہفتے بھی جاری رہے۔ اس دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر سے دو مرتبہ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار خطے کے دیگر وزرائے خارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔مزید بتایا گیا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے دو دورے کیے۔فیلڈ مارشل کے ممکنہ دورہ ایران سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس بارے میں نہ تصدیق کی جا سکتی ہے اور نہ ہی تردید۔ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کے آئندہ دورہ چین کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی سمیت خطے کی صورتحال پر بھی بات چیت متوقع ہے۔ اسی دوران چینی قیادت کے ساتھ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی مشاورت ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اس معاملے پر پہلے سے قریبی اعتماد اور رابطہ موجود ہے اور دونوں ممالک علاقائی امن کے لیے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔